سرینگر// وادی میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں آج یعنی سنیچر 13اکتوبر کو سرینگر میونسپل کارپوریشن کے 26 وارڈوں میں چنائو ہوگا۔ علاوہ ازیں9میونسپل کمیٹیوں کے 125 وارڈوں میں انتخاب ہونا ہے۔مجموعی طور پر151وارڈوں میں انتخاب ہونا ہے، تاہم49وارڈوں پر صرف ایک ہی امیدوار میدان میں ہے ، جو ظاہری طور پر بلا مقابلہ کامیاب ہونگے جبکہ 55 نشستوں پر کوئی بھی امیدوار نہیں ہے۔ اس طرح صرف47 حلقوں پر ہی انتخاب ہونگے،جن میں مجموعی طور پر 169 امیدوار میدان میںہیں۔
سرینگر
تیسرے مرحلے میں آج سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے26انتخابی وارڈوں میں ووٹنگ ہونی تھی۔ان میں لالچوک، راجباغ، اخراج پورہ،مہجور نگر، نٹی پورہ، چھانہ پورہ،بڈشاہ نگر، باغات برزلہ، راولپورہ،حید پورہ، خانقاہ معلی مہاراج گنج، جامع مسجد،مخدوم صاحب، خواجہ بازار ،عقلمیر خانیار، روضہ بل،دولت آباد، اسلام یاربل،نواب بازار، نواکدل، صفاکدل، رتھ پورہ،عید گاہ ،پالہ پورہ اور تارہ بل شامل ہیں۔ ان میں سے6وارڈوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب قرار پائیں گے جبکہ صرف 20پر ہی انتخاب ہوگا۔
شمالی کشمیر
شمالی کشمیر میں تیسرے مرحلے میں اوڑی میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میںانتخاب ہوگا، یہاں 31امیدوار میدان میں ہیں۔بانڈی پورہ کی حاجن میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں سے صرف 3وارڈوں میں ووٹنگ ہوگی جہاں11امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ یہاں دیگر8وارڈوں میں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے،اور 2وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار نہیں ہیں۔سوپور میونسپل کمیٹی کے21وارڈوں میں8امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے،جبکہ دیگر13انتخابی وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا ہے،جس کی وجہ سے یہاں انتخاب نہیں ہونگے۔
جنوبی کشمیر
ترال میونسپل کمیٹی میں آج چنائو ہونا ہے لیکن13وارڈوں پر مشتمل اس کمیٹی میں4وارڈوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا ہے،جبکہ دیگر9وارڈوں میں ایک ایک امیدوار ہی میدان میں ہیں،اور وہ بلا مقابلہ کامیاب ہونگے۔اس لئے کوئی ووٹنگ نہیں ہوگی۔ اسی طرح کی صورتحال اونتی پورہ میونسپل کمیٹی میں بھی ہے جہاں13وارڈوں میں 2 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے،جبکہ دیگر9 وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا ہے۔اننت ناگ کی مٹن میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں4انتخابی وارڈوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے،جبکہ دیگر9وارڈوں پر18امیدوار میدان میں ہیں۔پہلگام میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں7امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے ۔دیگر 6وارڈوں میں کوئی امیدوار نہیں ہے۔اس لئے یہاں بھی انتخاب نہیں ہوگا۔عشمقام میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں8امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے،جبکہ دیگر5 نشستوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا ہے۔