بھونیشور//اڈیشہ کے گجپتی ضلع کے بارگھرا گاؤں میں تودے گرنے سے کل 12افراد ہلاک ہوگئے اور تین زخمی ہوگئے ۔حالات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم آج وہاں بھیجی ہے ۔ مقامی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گجپتی ضلع کے رائے گڑا ڈیولپمنٹ بلاک کے گنگا واڑا پنچایت کے تحت بارگھرا گاؤں میں جمعہ کو تودے گرنے کے حادثے میں 12افراد ہلاک ہوگئے اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ چیف سکریٹری اے پی پادھی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جائے وقوع پر بھیجی گئی ٹیم میں گجپتی ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ،ڈپٹی کلیکٹر ،ڈاکٹر اور دیگر افسر شامل ہیں۔یہ ٹیم صبح جائے وقوع کے لئے روانہ ہوگئی۔مسٹر پادھی نے بتایا کہ تودے گرنے کی جگہ گجپتی ضلع میں آندھر پردیش میں شری کاکلنم ضلع کی سرحد کی جانب رائے گڑا بلاک میں واقع ہے اور یہ اس پہنچنے کا راستہ بے حد مشکل ہے ۔ٹیم کو جائے وقوع پر پہنچنے کے لئے درختوں کو کاٹ کر 17کلومیٹر سے زیادہ سفر طے کرنا پڑا۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ٹیم کے رپورٹ سونپنے کے بعد ہی متاثرین کے بارے میں صحیح اطلاع مل پائے گی۔اس دوران ،وزیراعلی نوین پٹنائک نے گجپتی ،گنجم اور رائے گڑھ اضلاع میں سیلاب کی صورت حال کو جاننے کے لئے ہوائی سروے کیا اور تودے گرنے میں مارے گئے لوگوں کے تئیں گہرا دکھ ظاہر کیا۔مسٹر پٹنائک نے کہا کہ حکومت دل دہلادینے والے حادثے کی رپورٹ کا انتظار کررہی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلی آج شام تک سیلاب سے متاثر لوگوں کے لئے پیکج کا اعلان کریں گے ۔مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 11اکتوبر کی صبح اڈیشہ کے ساحل پر گردابی طوفان تتلی کے پہنچنے سے ریاست کے کئی حصوں میں شدید بارش اور تودے گرنے سے پانچ بچوں سمیت کم از کم 12لوگوں کی موت ہوگئی اور چار افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔یواین آئی