کاٹھمنڈو//نیپال میں ماؤنٹ گرجا پر کوہ پیمائی کرنے والے 8 افراد برفانی طوفان کی زد میں آ کرہلاک ہوگئے ، جبکہ ایک کوہ پیما لاپتہ ہے ۔ نیپالی حکام کے مطابق کوہ پیماؤں کا کیمپ برفانی طوفان کی زد میں آنے سے ہلاکتیں ہوئیں، ہلاک ہونے والے 8افراد میں جنوبی کوریا کے کوہ پیما اور ان کے نیپالی گائیڈ بھی شامل ہیں۔ نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ تمام ہلاک شدگان کی لاشیں آج صبح ریسکیو ٹیموں کو متاثرہ علاقے میں کیمپ کے ملبے اور برف میں دھنسی ہوئی ملیں، اس مقام پر ہیلی کاپٹر بھی بھیجا گیا تاہم موسم ناسازگار ہونے کے باعث لاشوں کی منتقلی کے عمل میں دشواری کا سامنا ہے ۔ نیپالی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اتوار کو اگر موسم سازگار ہوا تو لاشیں منتقل کی جاسکیں گی۔ برفانی طوفان کے نتیجے میں نواں کوہ پیما لاپتہ ہے ، جس کی تلاش جاری ہے ۔کورین کوہ پیماؤں کی انجمن کے مطابق ٹیم ایک ایسے راستے سے گورجا کو سر کرنے کی کوشش کر رہی تھی جس سے آج تک کسی نہ چوٹی کو سر نہیں کیا ہے۔نیپالی حکام کے مطابق گورجا کا شمار مشکل ترین چوٹیوں میں ہوتا ہے جسے پہلی بار 1969ء میں ایک جاپانی ٹیم نے سر کیا تھا۔لیکن اب تک صرف 30 لوگ اس چوٹی کو سر کرسکے ہیں جب کہ گزشتہ 22 سال سے کوئی بھی اس چوٹی کو سر کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔اس کے برعکس نیپال ہی میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹی ایورسٹ کو اب تک آٹھ ہزار سے زائد کوہ پیماؤں نے سر کیا ہے۔دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے آٹھ نیپال میں واقع ہیں جنہیں سر کرنے کے لیے ہر سال ہزاروں کوہ پیماؤں جنوبی ایشیا کے اس چھوٹے سے ملک آتے ہیں۔