سرینگر//سرینگر ائرپورٹ پر شبانہ پروازوں کی منسوخی پرایڈونچر ٹور اینڈ ٹراول آپریٹرس ایسوسی ایشن آف کشمیر اور جموں کشمیر سکائی اینڈ ماونٹنئرنگ ایسوسی ایشن نے ناراضگی کااظہار کیا ہے۔ایک مشترکہ میٹنگ میں دونوں انجمنوں کے ممبران نے اس بلا جواز فیصلے پر حیرانگی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک ماہ قبل حکام نے سرینگر ائرپورٹ پر شبانہ پروازوں کے اُترنے اور روانہ ہونے کے کامیاب تجربے کئے اور حکام کی طرف سے سرینگر کے بین الاقوامی ائرپورٹ سے شبانہ پروازوں کو ہری جھنڈی دکھائی گئی۔ ایڈونچر ٹور اینڈ ٹراول آپریٹرس ایسوسی ایشن آف کشمیرکے صدر رئو ف ترمبو نے کہا کہ سرینگر کے ائر پورٹ پر شبانہ پروازوں کی سہولیات کوشروع کئے جانے پرخوشی سے پھولے نہیں سمارہے تھے اور وہ سرما کیلئے اپنے پروڈکٹس کو تیار کررہے تھے اور اپنے کارپوریٹ گاہکوں اوربیرونی سیاح اکثر نئی دہلی دوپہر کو پہنچ جاتے ہیں، کیلئے اختتام ہفتہ کی چھٹیوں کے سفر کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ شبانہ پروازوں سے ہمیں کافی مددملتی اور ہمارے بہت سے ممبران نے اپنے ایجنٹوں کو شبانہ پروازوں کی شروعات جوہمارے ٹور پیکیجزکو سستا بناتی، سے متعلق مطلع کیا تھا۔لیکن اس اچانک فیصلے نے ہمیں ششدر کیا اور ہم حیران رہ گئے۔جموں کشمیر اسکی اینڈ ماونٹینئرنگ ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف نے بتایا کہ سرینگر ائر پورٹ پر شبانہ پروازوں کو ملتوی کرنے سے ہمیں کافی نقصان ہوگاجبکہ ہم پہلے ہی سیاحوں کے یہاں کم تعداد میں آنے سے خسارے میں ہیں۔انہوں نے ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سرینگر ائرپورٹ سے شبانہ پروازیں شروع کرائیں۔