نئی دہلی//صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ کئی مرکزی وزرا نے سابق وزیراعظم اے پی جے عبدالکلام کے 87 ویں یوم پیدائش پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کے تئیں ان کی خدمات کو یاد کیا۔ مسٹر کووند نے پیر کی صبح یہاں راشٹریہ پتی بھون میں ڈاکٹر کلام کی تصویر پر پھولوں کا ہار پہناکر انہیں دلی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر راشٹریہ پتی بھون کے ملازمین اور افسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے بھی ڈاکٹر کلام کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ مسٹر نائیڈو نے اپنے پیغام میں ڈاکٹر کلام کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی سادگی، حب الوطنی، بچوں سے محبت اور کام کے تئیں لگن کو یاد کیا۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر کلام دیہی علاقوں کی ترقی اور سائنسی ترقی کو عام آدمی تک پہنچانا چاہتے تھے ۔ ملک ان کے جیسے بڑے خواب دیکھنے والے رہنما کو ہمیشہ یاد رکھے گا اور نوجوان نسل ان سے مسلسل تحریک حاصل کرتی رہے گی۔ ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنا ہی ان کی سچی عقیدت ہے ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ڈاکٹر کلام لوگوں کے دل اور دماغ میں بستے ہیں۔ وہ عظیم صدر، ایک بڑے سائنسداں، ایک انوکھی شخصیت کے مالک اور عظیم استاذ تھے ۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد نے بھی ڈاکٹر کلام کو ایک بڑے استاذ اور ایک عظیم سائنسداں کی شکل میں یاد کیا۔ ڈی آر ڈی او نے بھی ڈاکٹر کلام کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں وزیر دفاع سیتا رمن، دزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے اور مرکزی حکومت کے سائنسی مشیر پروفیسر کے وجے راگھون اور آرگنائزیش کے سربراہ موجود تھے ۔ محترمہ سیتا رمن نے ڈاکٹر کلام کے نظریہ اور خوابوں کو پیش کرتے ہوئے ویب سائٹ کی ابتدا کی۔ اس موقع پر 'بے مثال کلام' کا بھی افتتاح کیا گیا۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں اسکولی طلبہ وطالبات موجود تھے ۔یو این آئی