سرینگر //وادی کے بالائی علاقوں کرناہ ، کیرن اور مژھل کپوارہ میں تازہ برفباری ہوئی،جس کی وجہ سے وادی میںمنگل کو دن بھر شدید سردی محسوس کی گئی۔کرناہ سڑک کوگاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے احتیاطی طور پر بند کیا گیا ۔سرینگر میںدن بھر سرد ہوائیں چلتی رہیں۔ سیاحتی مقام گلمرگ ،سونہ مرگ، نستہ چھن گلی ، فرکیان ٹاپ ، زڈ گلی سمیت متعدد بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ۔ جبکہ وادی میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوئیں۔گلمرگ کی افروٹ پہاڑیوں پر 5سے 6انچ برف جمع ریکارڈ کی گئی۔ کنگن سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ وہاں سونہ مرگ زوجیلا ، تھجواس گلیشر، پنجترنی کے پہاڑوں پر تازہ برف باری ہوئی ۔بانڈی پورہ سے عازم جان کے مطابق بانڈی پورہ گریز سڑک پر بھی ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کرناہ ، کیرن اور مژھل کی رابطہ سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے احتیاطی پور پر بند کی گئی ہیں۔کپواڑہ سے اشراف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ کیرن کی فرکیاں ٹاپ پر ایک فٹ ، مژھل کی زڈ گلی پر 5انچ ، اور نستہ چھن گلی پر ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی جبکہ بڈنمل کے بابیہ ٹاپ پر تازہ 4انچ ، کیرن خاص میں 4انچ اور مژھل میں 5انچ، ڈنا ، دوب موریاں اور شمس بھری پہاڑوں پر تازہ ایک فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے ۔کرناہ کے اندروانی علاقے جن میں نہچیاں ، ہنڈوالاں ، کچاڑیاں ، حاجی ناڑ اور شمس پورہ شامل ہیں میں قریب 2سے 3انچ برف جمع ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ موسم میں بہتری آ گئی ہے تاہم کچھ ایک علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔