نئی دہلی//می ٹو' مہم کے تحت جنسی استحصال کے الزامات لگنے کے بعد امور خارجہ کے وزیر مملکت ایم جے اکبر نے بدھ کو اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ مسٹر ایم جے اکبر نے اپنے استعفی میں وزیر مملکت کے عہدے کی ذمہ داری دینے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات پر ذاتی طورسے عدالت میں مقدمہ لڑیں گے ۔ اس سے پہلے انہوں نے اس ضمن میں ایک بیان میں جنسی استحصال کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔ مسٹر ایم جے اکبر نے اپنے استعفی کے خط میں کہا کہ "میں نے حصول انصاف کے لیے ذاتی طورپر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس لئے میں امور خارجہ کے وزیر مملکت کے عہدے سے استعفی دے رہا ہوں"۔ اس سے پہلے بہبودی خواتین و اطفال کی مرکزي وزیر مینکا گاندھی نے کہا تھا کہ خواتین کی ہر شکایت کو سنجیدگی سے لینا چاہئے ۔ انہوں نے الزامات کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس سے قبل کانگریس سمیت متعدد سیاسی پارٹیوں اور خاتون صحافی تنظیموں کے علاوہ عورتوں سے جڑی کئی دیگر اداروں نے بھی مسٹر اکبر کے استعفی کی مانگ کی تھی۔ مسٹر ایم جے اکبر نے گزشتہ روز ہی اپنے خلاف جنسی استحصال کا الزام لگانے والی ایک خاتون صحافی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے ۔ ان پر تقریبا 20 خاتون صحافیوں نے جنسی استحصال کے الزامات لگائے ہیں۔