اسلام آباد //پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں آئندہ اتوار سے پاکستان میں شروع ہوں گی۔روس کی وزارتِ دفاع کی طرف سے منگل کو جاری ایک بیان کے مطابق 21 اکتوبر سے 4 نومبر تک جاری رہنے والی "فرینڈ شپ 2018" نامی مشقو ں میں دونوں ملکوں کے 200 فوجی اہلکار حصہ لیں گے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان مشقوں میں روس کی فوج کے 70 اہلکار شریک ہوں گے جو صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ میں واقع پاکستان کی اسپیشل فورسز کے مرکز اور پنجاب کے شہر کھاریاں کے قریب واقع پبی میں انسدادِ دہشت گردی کے قومی مرکز میں ہونے والی ان مشقوں میں حصہ لیں گے۔روس کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ان تربیتی مشقوں میں حصہ لینے والے دونوں ملکوں کے فوجی دستے پہاڑی علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی اور مسلح گروہوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیواں سے متعلق اپنے اپنے تجربات کا ایک دوسرے سے تبادلہ کریں گے۔بیان میں مزید کیا گیا ہے کہ ان مشترکہ مشقوں کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دے کر اسے مزید مضبوط بنانا ہے۔