سرینگر//گورنر کے مشیر خورشیداحمد گنائی کو جموں کشمیر مسلم وقف بورڈ کا چیئر مین مقرر کیاگیا ہے۔یہ تقرری گورنر کی طرف سے وقف قانون میں ترمیم کے بعد عمل میں لائی گئی جس کے تحت گورنر کے مسلم مشیر کو بورڈ کا سربراہ مقرر کیا جائے گا۔اس سے قبل اخبار’گریٹر کشمیر‘میں ایک خبر شائع ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وقف بورڈ میں اعلیٰ عہدوں کے خالی ہونے کی وجہ سے اس کا کام کاج متاثر ہورہا ہے۔خبر میں یہ بھی کہاگیا تھا کہ جموں کشمیر اوقاف اور وقف جائیداد قانون 2004میں حالیہ ترمیم کے باوجود بورڈ کے چیئر مین کا تقرر نہیں کیا گیا۔اس سال ستمبر میں راج بھون نے جموں کشمیر اوقاف ووقف جائیداد (انتظام و ضابطہ)قانون 2004میںایک ترمیم کو منظوری دی،جس کی رو سے گورنر راج کے دوران ریاستی گورنر بورڈ کے بر بنائے عہدہ چیرمین بن سکتے ہیں جبکہ وہ ایک مسلمان ہو،اور اگر گورنرغیر مسلم ہوتو اُس صورت میں ترمیم کی رو سے کوئی ’خاص شخص ‘جن میں گورنر کے مشیر بھی شامل ہیں ،وقف بورڈ کے چیرمین بنائے جاسکتے ہیں۔