جموں میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی نے 43سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کر لی ۔ کانگریس کو 14وارڈوں میں کامیابی ملی تو 18وارڈوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے ۔ ادہم پور میونسپل کونسل اور رام نگر میونسپل کمیٹی کے ایک ایک وارڈ پر دو امیدواروں نے برابر ووٹ حاصل کئے جس کے بعد ٹاس کے ذریعہ ہار جیت کا فیصلہ کیا گیا۔ضلع سانبہ کے 56وارڈوں میں سے 28پر آزاد، 18پر بی جے پی اور کانگریس 9جب کہ پینتھرز پارٹی ایک نشست پر کامیاب رہے ۔ کٹھوعہ ضلع کے 6اداروں کے 80وارڈوں میں سے بی جے پی نے 35، آزاد امیدواروں نے 26تو کانگریس نے 19نشستیں حاصل کی ہیں۔ ادہم پور ضلع کی ایک میونسپل کونسل اور دو میونسپل کمیٹیوں رام نگر و چنہنی کے 41وارڈوںکیلئے ہوئے الیکشن میں بی جے پی نے 14حلقوں میں کامیابی حاصل کی، 13پر آزاد،11پر پینتھرز پارٹی تو کانگریس 3نشستوں پر کامیاب رہی۔ ضلع ریاسی کی دو میونسپل کمیٹیوں ، ریاسی اور کٹرہ کی 26نشستوں میں سے بی جے پی 13، آزاد امیدواروں نے 9اور کانگریس نے 4نشستیں جیت لی ہیں۔
خطہ پیر پنچال
پونچھ ضلع کی 2میونسپل کمیٹیوں ، پونچھ اور سرنکوٹ کے 30وارڈ تھے۔ پونچھ کے 17حلقوں میں سے 11پر جب کہ سرنکوٹ کے 13میں سے 12وارڈوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے ہیں۔ کانگریس کودونوں حلقوں میں 3اور بھاجپا کو 4نشستوں پر کامیابی ملی ہے ۔ راجوری ضلع کی 5میونسپل کمیٹیوںراجوری، تھنہ منڈی، کالا کوٹ ، نوشہرہ اور سندر بنی کی کل63 نشستوں میں سے 23پر بی جے پی نے جیت حاصل کی جب کہ کانگریس اورآزاد اامیدواربیس20سیٹوں پر کامیاب رہے ۔ اس ضلع کی سندر بنی اور نوشہرہ میونسپل کمیٹیوں میں بی جے پی نے واضح اکثریت حاصل کی ہے جہاں سندر بنی کے 13میں سے 10اور نوشہرہ کے 13میں سے 7نشستوں پر پارٹی نے جیت حاصل کی ہے ۔ راجوری کی 17میں سے 6نشستیں بھاجپا نے جیتی ہیں تو تھنہ منڈی اور کالا کوٹ میں پارٹی کھاتہ بھی نہیںکھول پائی ہے ۔
خطہ چناب
میونسپل کمیٹی بانہال میں کانگریس نے سویپ کرتے ہوئے 7میں سے سات نشستیں جیت لیں تومیونسپل کمیٹی بٹوت میں بی جے پی نے پرچم لہرایا ہے ۔ 7رکنی کمیٹی میں بی جے پی نے 4، کانگریس نے ایک اور 2آزاد امیدوارکامیاب قرار دئیے گئے۔ کشتواڑ کے 17میں سے 10اور ڈوڈہ کے 17میں سے 11حلقوں میں آزاد امیدوار فاتح رہے ۔ یہاں بی جے پی کو بالترتیب ایک اور تین نشستیں ملیں تو کانگریس نے دو اور تین نشستیں حاصل کی ہیں۔ بھدرواہ میونسپل کمیٹی میں کانگریس نے 6، بی جے پی نے 3اور 4آزاد امیدواروں نے جیت حاصل کی ہے ۔ ٹھاٹھری کے 7وارڈوں میں سے بی جے پی نے ایک، کانگریس نے 3اور آزاد امیدوار 3نشستوں پر قابض رہے ۔ رام بن کی 7میں سے 6نشستوں پر چنائو ہوا، بی جے پی، کانگریس اور آزاد دو دو نشستیں حاصل کر پائے، کمیٹی کے وارڈ نمبر2کے امیدوار کی پولنگ کے دوران موت ہونے کی وجہ سے چنائو منسوخ کر دیا گیا تھا ۔ بانہال خطہ چناب کا واحد ادارہ تھا جہاں کانگریس کے 3امیدواروں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا تھا۔