سرینگر //مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے شادی مرگ پلوامہ میں گولیوں کے تبادلے کے دوران ایک جواں سال حاملہ خاتون فردوسہ اہلیہ خورشید احمد شیخ کو بے دردی سے شہید کر دینے کے سانحہ کیخلاف سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسکی پر زور مذمت کی ہے ۔قائدین نے جواں سال خاتون اور حمل میں پرورش پانے والی چھ ماہ کی ننھی کلی جسے ابھی دنیا میں بھی آنا نصیب نہیں ہوا تھا کی شہادت کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حد درجہ المناک اور تکلیف دہ واقعہ ہے اور اللہ تعالیٰ سے ہماری دعا ہے کہ وہ مرحومہ کے شوہر جناب خورشید احمد شیخ اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل اور مرحومہ کو جنت الفردوس عطا کرے۔قائدین نے جنوبی ضلع پلوامہ کے ترچھل لاسی پورہ گائوں میں فوج کے یلغار ،مکانات کی توڑ پھوڑ اور بلا امتیاز مکینوں کو شدید زد وکوب کرنے کے نتیجے میںبری طرح زخمی کر دینے کی کارروائی کو بربریت کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہاکہ فورسز اور فوج کشمیر میںنافذکالے قوانین کے بل پراپنے کو حاصل لامحدود اختیارات کے سبب اور باز پرس کے عمل سے اپنے کو مبرا سمجھنے کی وجہ سے جب چاہیں جہاں چاہیں اور جسے چاہیںجارحیت کا نشانہ بنا ڈالتی ہیں ۔