سرینگر// وادی میں کھیل،سیاحت اور تہذیبی ورثہ کے شعبوں کو فروغ دینے کی غرض سے جموں وکشمیر پولیس سیوک ایکشن پروگرام کے تحت ریاستی سطح پر ’’جشن ڈل اور شکارا ریس‘‘ کے عنوان سے 23سے25اکتوبر ایک تقریب کا انعقاد کر رہی ہے جس کے ذریعے صحت مند معاشرے کو تشکیل دینے کے علاوہ شہر سرینگر کے تہذیبی ورثہ کو بچانے کے ساتھ ساتھ وادی کے سیاحتی مقامات کو ترقی دیکر انہیں ریاست کی آمدنی کا ذریعہ بنانا شامل ہے۔پولیس کنٹرول روم سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس آرمڈ کشمیر ایس اے وٹالی نے کہا کہ وادی کے معروف سیاحتی مقام جھیل ڈل کے متصل ایس کے آئی سی سی میں ’جشن ڈل اور شکارا ریس‘ تقریب منعقد ہو رہی ہے جس سے نہ صرف عوام میں جسمانی طور تندرست رہنے کی اہمیت اجاگر ہو جائے گی بلکہ نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور انکی توانائیوں کو تعمیری شعبوں میں استعمال کرنے سے انکی منفی سرگرمیوں خاص طور پر ان کوشدت پسندانہ پروپیگنڈہ کی زد میں آنے سے روکنے کا بہترین ذریعہ ہے۔وٹالی نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس عوام کے ساتھ گذشتہ کئی برسوں سے اچھے تعالقات قائم کرنے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے مختلف عوامی ایکشن پروگراموں کے تحت ایسی تقریبات کا انعقاد کر تی آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں کھیل اور سیاحت کے فروغ کے ضمن میں جموں وکشمیر پولیس نے ایسے ہی جرائتمندانہ اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال سرینگر میں 20 سے 30جولائی کے درمیاں16ویں جے اینڈ کے پولیس میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے علاوہ گالف کورس سرینگر میں 2ستمبر کو ’ ’رن فار پیئس‘‘ کا بھی انعقاد کیا گیا۔وٹالی نے کہاکہ ایسی تقریبات کے انعقادسے جموں وکشمیر کی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں بڑے پیمانے پر مدد مل سکے گی تاکہ وہ مستقبل میں قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں بھی شرکت کر سکیں جس سے وادی میں الگ ہی ایک سوچ قائم ہو جائے گی اور یہ سوچ معاشرے کی تعمیر کے لئے خاصی اہم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف کھیلوں کے فروغ سے لوگوں کو تفریح میسر آئے گی بلکہ اس سے نوجوانوں کے بہترین استعمال، جسمانی تندرستی اور نظم و نسق سیکھنے کے مقاصد بھی حاصل ہونگے۔ پروگرام کی تفصیل دیتے ہوئے وٹالی نے کہا کہ جشن ڈل اور شکارا ریس2018کے دوران شرکاء کو ’ڈریگان بوٹ ریس‘ ،’ واٹر پولو‘ اور’ شکارا میراتھان‘ جیسے کھیلوں میں شرکت کرنے کا موقع ملے گا جبکہ پروگرام میں مختلف ثقافتی پروگراموں کے علاوہ کامیاب ہونے والے شرکاء کو مختلف زمروں کیلئے 3لاکھ روپے تک نقدی انعام کے ساتھ ساتھ میڈل،ٹرافیز اور چر سر ٹیفیکیٹز بھی تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مذکورہ تقریب کی بڑے پیمانے پر کامیابی کے لئے پر امید ہیں جس کی غرض سے مختلف سکولوں اور کالجوں کے علاوہ محکمہ تعلیم اور جموں وکشمیرسٹیٹ سپورٹس کونسل کے زریعے بھی دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں جبکہ ذرایع آمد ورفت،شرکاء کی رہائش اور کھانے پینے کا بڑے پیمانے پر بھی انتظام کیا گیا ہے ۔