کابل//افغان دارالحکومت سمیت ملک بھر میں پارلیمانی انتخابات کے دروان خودکش حملے ، دھماکوں اور پرتشدد واقعات میں 28 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق کابل کے شمالی علاقے میں ووٹنگ کے دوران خود کش حملہ آور نے پولنگ اسٹیشن کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، ایک سینئر سیکورٹی آفیسر نے بتایا کہ اس حملے میں 10 شہری اور 5 سیکورٹی اہلکار مارے گئے جب کہ 25 زخمی بھی ہوئے ۔ قبل ازیں ایک دھماکہ انٹیلی جنس آفیسر کی گاڑی کے نیچے نصب بم پھٹنے سے ہوا جب کہ دوسرا دھماکہ قرہ باغ پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوا جن میں متعدد افراد ہلاک اورزخمی ہوئے ، دھماکوں کے بعد ووٹ ڈالنے کے لیے قطاروں میں کھڑے عوام میں افراتفری مچ گئی۔ اطالوی این جی او کے زیر انتظام اسپتال میں 30 زخمیوں کو لایا گیا۔ افغان وزیرداخلہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر میں پولنگ کے دوران سیکورٹی کے 192 واقعات رپورٹ ہوئے ، جن میں مختلف نوعیت کے دھماکے اور پرتشدد واقعات شامل ہیں، ان واقعات میں مجموعی طور پر 17 شہری اور 11 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ۔ خیال رہے افغان صوبے قندھاراورغزنی کے علاوہ افغانستان بھرمیں پارلیمانی اور صوبائی کونسلوں کے انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی، ان انتخابات میں پہلی بار بائیو میٹرک سسٹم استعمال کیا گیا۔ انتخابات کے پر امن اور کامیاب انعقاد کے لیے ملک بھر میں 54 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے جب کہ امریکی اور ناٹو فوج سمیت فضائیہ بھی ہائی الرٹ رہی۔ یو این آئی