دو ہزار انیس کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی راہل گاندھی کو وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار کے طور پر اعلان نہیں کرے گی۔ سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے یہ بات نیوز 18 تمل کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ راہل ہی نہیں کانگریس دیگر کسی بھی شخص کی دعویداری کا اعلان نہیں کرے گی۔کانگریس ایک طویل مدت سے علاقائی پارٹیوں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاکہ 2019 میں ایک مضبوط اپوزیشن کی شکل میں بی جے پی کا سامنا کیا جا سکے۔ کانگریس اس اتحاد کی قیادت کرنا چاہتی ہے لیکن علاقائی جماعتیں اس کے بارے میں الگ الگ رائے رکھتی ہیں۔چدمبرم نے کہا، "ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہم راہل گاندھی کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں۔ جب کچھ کانگریس رہنماؤں نے اس طرح کی بات کی تھی تو آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اس پر مداخلت کی تھی اور ان سے ایسی باتیں نہیں کرنے کو کہا تھا۔ ہم بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ایک متبادل حکومت بنانا چاہتے ہیں جو پروگریسیو ہو، شخصی آزادی کا احترام کرے، ٹیکس ٹیررزم کو فروغ نہ دے، خواتین اور بچوں کو تحفظ عطا کرے اور کسانوں کی صورت حال کو بہتر بنائے‘‘۔