سرینگر//چیف الیکٹورل آفیسر شالین کابرا نے ریاست میں پنچایتی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔سرینگر میں پریس کانفرنس میںانہوں نے بتایا کہ انتخابات17 نومبر سے11 دسمبر تک4483 پنچایتی حلقوں میں9 مرحلوں میں کرائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں یہ انتخابات 10 سال کی مدت کے بعد منعقد کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے اعلان سے ضابطہ اخلاق لاگو ہوگیا ہے۔کابرانے کہا کہ انتخابات صُبح8 بجے سے دوپہر2 بجے تک بیلٹ کے ذریعے کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتی قوانین میں حالیہ ترامیم سے ووٹر پنچ اور سرپنچ دونوں کے لئے ووٹ ڈال سکتے ہیں جن کے لئے انہیں2 الگ الگ رنگوں پر مشتمل بیلٹ پیپر فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک پنچایتی حلقے کے لئے معقول تعداد میں پولنگ سٹیشن نامزد کئے گئے ہیں جن میں تقریباً5854208 رائے دہندگان اپنی حق رائے دہی کے استعمال کے اہل ہوں گے۔ان میں کشمیر صوبے میں2991128 اور جموں صوبے میں2863080 ووٹر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹروں کو ووٹر سلپ اُردو اور انگریزی زبانوں میں دستیاب کی جائیں گی اور ووٹر شناختی کارڈ ووٹ ڈالنے کے لئے لازمی ہوگا۔سی ای او نے کہا کہ انتخابات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جنرل آبزرور تعینات کئے جائیں گے جبکہ مائیگرینٹ کشمیر پنڈتوں کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے لئے ایک سکیم تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن23 ،26 اور29 اکتوبر اور یکم ،3 ،6 ،12 اور14 نومبر کو مشتہر کی جائے گی۔انتخابات کے لئے نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ2 ،5 ،8 ،10 ،13 ،16 ،19 اکتوبر اور22 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ31 اکتوبر،6 ،9 ،12 ،14 ،17 ،20 اور24 نومبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی۔ نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ2 ،5 ،8 ،12 ،14 ،16 ،19 ،22 اور26 نومبر طے کی گئی ہے۔پولنگ17 ،20 ،24 ،27 ،29 نومبر اور یکم ،4 ،8 اور11 دسمبر کو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی مذکورہ ایام پر ہی ہوگی اور انتخابی عمل17 دسمبر کو مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سرپنچ کے لئے تصرف کی حد20 ہزار روپے اور پنچ کے لئے یہ حد5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔تمام اُمیدوار مذکورہ رجسٹر پر اخراجات سے متعلق جانکاری درج کریں گے۔سی ای او نے کہا کہ انتخابی عمل سے جڑے تمام اہم امور کی ویڈیو گرافی کرائی جائے گی جس کے لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر لازمی انتظامات کریں گے۔
ضابطہ اخلاق کی عمل آوری کیلئے احکامات جاری
سرینگر//سرکار نے ریاست میں پنچائتی انتخابات 2018 کے اعلان کے بعد ضابطہ اخلاق کی عمل آوری کے احکامات صادر کئے ہیں جو انتخابات کے اختتام تک جاری رہیں گے ۔ ان احکامات کی رو سے جی اے ڈی نے آج انتظامی سیکرٹریوں ، مختلف محکموں کے سربراہوں ، ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پولیس سپرنٹینڈنٹوں کے نام ایک سرکیولر جاری کیا ہے ۔ سرکیولر کے مطابق وہ افسران اور ملازمین جو ان انتخابات کے نقات سے جُڑے ہیں اُن کے تبادلے پر پابندی ہو گی البتہ اگر عوامی مفاد میں کسی اہلکار کا تبادلہ ضروری ہو گا اس صورت میں متعلقہ انتظامی سیکرٹری چیف الیکٹورل افسر سے رجوع کر سکتا ہے ۔ سرکیولر کے مطابق پنچائتی انتخابات سے جُڑے افسران اور دیگر اہلکار چیف الیکٹورل افسر کے انتظامی کنٹرول میں ہوں گے ۔ تمام افسران کو ضابطہ اخلاق کی من و عن عمل آوری یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔