سرینگر //شہر کی سڑکوں پر بھی موت کے خونین رقص کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں برس اگست تک 261سڑک حادثات کے دوران 28لوگ لقمہ اجل جبکہ 286زخمی ہوئے ہیں ۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ نے رواں سال اگست تک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 92333چالان کئے ہیں ۔ٹریفک ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری میں 26حادثات کے دوران 4افراد ہلاک اور 24زخمی ہوئے ۔فروری میں 30حادثات میں 2ہلاک 23زخمی ۔مارچ میں 36سڑک حادثات کے دوران 3ہلاک اور45شہری زخمی ہوئے ۔اپریل میں 32سڑک حادثات کے دوران 3ہلاک 31زخمی ہوئے ہیں جبکہ مئی میں 41سڑک حادثات کے دوران 5ہلاک 52زخمی ہوئے ۔جون میں 35مختلف اقسام کے حادثات کے دوران 46افراد زخمی ہوئے ہیں ۔جولائی میں 32سڑک حادثات کے دوران 4افراد ہلاک 33زخمی ہوئے ہیں اور اگست میں 29سڑک حادثات کے دوران 3ہلاک اور 32افراد زخمی ہوئے ہیں ۔محکمہ میں موجود ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ سڑکوں پر سڑک حادثات کی بڑی وجہ موبائل فون کا استعمال ، تیز رفتاری اور اوورلوڈنگ ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے محکمہ کا عملہ متحرک ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹریفک نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف 92333چالان کئے ہیں جن میں 14683کورٹ اور 77650کمپاونڈ چالان شامل ہیں ۔