دیوریا//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کلراج مشرا نے کہا ھے کہ اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر بغیر کسی تنازعہ کے ہونی چاہیے ۔ مسٹر کلراج مشرا نے بدھ کو یہاں ' یو این آئی' سے بات چیت میں کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ مندر کی تعمیر کا مسئلہ اتفاق رائے سے حل ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو عدالت کے فیصلے سے اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر ہونی چاہیے ۔ اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر بغیر کسی تنازعہ کے ہونی چاہیے اور یہی ملک کے عوام بھی چاہتے ہیں۔ ممبر پارلیمنٹ مسٹر کلراج مشرا نے کہا کہ اجودھیا میں شری رام کی پیدائش ہوئی تھی۔ یہ بات دنیا جانتی ہے ۔ اجودھیا میں رام مندر بنے ، یہ بی جے پی بھی چاہتی ہے ۔ یہ معاملہ اس وقت ملک کی سب سے بڑی عدالت میں زیر غور ہے ۔ امید ہے کہ جلد ہی عدالت کا فیصلہ آ جائے گا، جس سے مندر بنانے کا راستہ صاف ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شری رام نے لوگوں کے تعاون سے بڑے – بڑے راکشسوں کا خاتمہ کرکے معاشرے میں برابری پر مبنی ریاست کی تعمیر کی تھی۔ بی جے پی بھی شری رام کے اصولوں کو مانتے ہوئے اتفاق رائے کی بنیاد پر رام مندر بنانے کے حق میں ہے ۔بی جے پی کے سینئر لیڈر نے وشو ہندو پریشد کے سابق صدر مسٹر پروین توگڑیا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری پارٹی بنا کر صرف لوگوں کی توجہ بھٹکا رہے ہیں۔