حیدر آباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا ساتواں جلسۂ تقسیمِ اسنادمنگل 20؍ نومبر 2018ء کومنعقد کیا جائے گا۔ صدر نشین انتظامی کمیٹی پروفیسر پی فضل الرحمن کے بموجب کانووکیشن سہ پہر 3:30 بجے گلوبل پیس آڈیٹوریم میں مقرر ہے۔ سابق چیف الیکشن کمشنر جناب ایس وائی قریشی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ جناب فیروز بخت احمد، چانسلر صدارت کریں گے۔ جبکہ پروفیسر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد جمال کے بموجب ریگولر طرز (صرف ڈگری وصول کنندگان) اور فاصلاتی طرز (صرف گولڈ میڈلسٹ)کے ایسے طلبا جنہوں نے تعلیمی سال اور 2016-17 اور 2017-18 میں کامیابی حاصل کی ہو کانووکیشن 2018 میں شرکت کے لیے اپنا آن لائن رجسٹریشن، لنک http://manuucoe.in/convocation2018/index.php پر کروالیں۔ ڈگری / ڈپلوما کے حصول کے لیے آن لائن فیس 300روپئے ادا کرنی ہوگی۔ ایسے طلبہ جنہوں نے رجسٹریشن کروالیا ہے انہیں دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ آن لائن فارم داخل کرتے ہوئے وقت اسکیان کی ہوئی پاسپورٹ سائز فوٹو گراف، دستخط ،ای میل ایڈریس، موبائل نمبر آن لائن بینکنگ یا ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا۔ فاصلاتی طرز کے ڈگری / ڈپلوما سرٹیفکیٹس ’’غیر حاضری‘‘ میں دیئے جائیں گے اور طلبہ کو اسپیڈ پوسٹ کے ذریعہ روانہ کیے جائیں گے۔ کانووکیشن میں رجسٹریشن کرنے والے ریگولرطلبہ کو شرکت کا پاس آن لائن بھیجا جائے گا۔