اجین(مدھیہ پردیش) // کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی غلطیوں نے جموں و کشمیر میں آگ لگا دی ہے۔انکا کہنا تھا کہ فوج میں ایک رینک ایک پنشن کے معاملے میں وزیر اعظم جھوٹ بول رہے ہیں۔یہاں اک چناوی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا’’ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے معاملے میں بہت بڑی غلطیاں کیں،اسکی وجہ سے پور ی ریاست میں آگ لگی ہوئی ہے‘‘۔راہل نے کہا’’اس وقت کشمیر جل رہا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جنگجوئوں کیلئے جموں و کشمیر کے دروازے کھول دیئے،ریاست میں کوئی سیاستدان نہیں مارا گیا،لیکن فوجی جوان مارے جارہے ہیں، اوریہ سب نریندر مودی کی غلطیوں سے ہورہا ہے۔راہل نے مزید کہا’’ وزیر اعظم سرجیکل سٹرائیکس ، فوج اور بحری فوج کے بارے میں بات کرتے ہیں، لیکن فوجی جوانوں کے بارے میں بات نہیں کرتے جو ہر روز مارے جارہے ہیں‘‘۔ راہل کا کہنا تھا’’ نریندر مودی دعوے کررہے ہیں، ہمیں کم از کم بتایا جائے کہ ستمبر 2016میں سرجیکل سٹرائیک کرنے والوں کیخلاف آپ نے کونسی کارروائی عمل میں لائی‘‘۔