نئی دہلی //سپریم کورٹ نے آج آسام شہریت اور این آرسی سے جڑے معاملوں پر سماعت کرتے ہوئے مثاثرین کو بڑی راحت دیتے ہوئے ثبوت کے دائرہ سے باہر نکالے گئے پانچوں دستاویزبحال کردیئے ، ساتھ ہی جمعیت علمائے ہند کی وکلاء کی طرف سے عدالت میں پانچ اہم مطالبے پیش کئے گئے ، سپریم کورٹ میں چیف جسٹس رنجن گگوئی اور جسٹس ایف آر نریمن کی دورکنی مانیٹرنگ بینچ میں سماعت کا آغاز ہوا تو جمعیت علماء ہند اور آمسو کی طرف سے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل ، سینئر ایڈوکیٹ سلمان خورشید ، سینئر ایڈوکیٹ اندراجے سنگھ اور وکیل آن ریکارڈ فضیل ایوبی پیروی کے لئے پیش ہوئے۔کارروائی شروع ہوئی تو سب سے پہلے عدالت نے اسٹیٹ کوآڈینیٹر مسٹر پرتیک ہزیلاسے دریافت کیا کہ ان پانچ دستاویزات کے علاوہ کیا وہ کچھ اور کہنا چاہتے ہیں ، اس پرمسٹر ہزیلا نے کہا کہ ہم نے ان دستاویز ات سے متعلق جو رپورٹ پیش کی ہے اس پر اپنی بات رکھنا چاہیںگے، اس پر عدالت نے فریقین کو مخاطب کرتے ہوئے وہی سوال دہرایا کہ کیا وہ ان دستاویزات کے علاوہ بھی کچھ کہنا چاہتے ہیں ، اس پرکپل سبل نے کہا کہ آبجکشن فائل کرنے کا طریقہ شہریت کے قانون 1955کی دفعہ 17کی روسے صحیح نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ 31 اگست 2015کے بعد کے متعلقہ دستاویزات کو بھی پیش کرنے کی اجازت ملنی چاہئے اور جس طرح سے 14سال کے بچوں کو والدین کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے اسی طرح اس کے دائرہ میں 18برس تک کے بچوں کو بھی شامل کیا جانا چاہئے۔ اس پر فاضل عدالت نے اسٹیٹ کوآڈینیٹر کو اس بابت غورکرنے کو کہا۔ آبجکشن کے تعلق سے مسٹرکپل سبل کی طرف سے پیش کی گئی دلیل پر عدالت نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق اب تک تقریبا 26ہزار کلیم داخل ہوچکے ہیں مگر آبجکشن کی تعداد محض 54ہیں۔ بعد ازاں دائرہ کارسے باہر نکالے گئے دستاویزات کو لیکر عدالت نے اسٹیٹ کوآڈینیٹرسے کہا کہ آپ کا کہنا ہے کہ ان دستاویز کی آڑ میں غیر حقیقی شہری بھی این آرسی میں اپنا نام شامل کراسکتے ہیں ، اس طرح ان کا غلط استعمال ہوسکتا ہے لیکن آپ کی یہ بات سراسر ناقابل قبول ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے کلیم اور ابجکشن کی تاریخ ایک ماہ آگے بڑھاکر 25دسمبر کردی ہے۔عدالت نے آج ایک بڑی رعایت یہ دی کہ اگر کوئی کسی دوسری ریاست کا رہنے والا ہے اور آسام میں جاکر آبادہوگیا ہے تو وہ شہریت کے ثبوت میں اپنی آبائی ریاست کا کوئی ثبوت پیش کرسکتا ہے اور یہ قابل قبول ہوگا ، دوسرے نئے طریقہ کارمیں کہا گیا تھا کہ چونکہ این آرسی میں درخواست دینے کی تاریخ 31اگست ہے اس لئے شہریت کے ہر قسم کے دستاویز 31اگست 2015کے ہی منظورہوںگے۔ مولانا سید ارشدمدنی نے عدالت کے فیصلے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ آسام شہریت تنازعہ کے حل کے تعلق سے یہ فیصلہ ایک بڑی پیش رفت ہے ، اور ہم سمجھتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں جو لوگ این آرسی میں شامل ہونے سے رہ گئے ہیں انشاء اللہ وہ لوگ بھی اپنے ثبوت پیش کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔