سرینگر؍؍چیرمین حریت (گ)سید علی گیلانی نے وادی میں ہوئی شدید برف باری کے نتیجے میں باغات، میوہ جات اور مکانوں کو ہوئے نقصان پر گہرے رنج وغم اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم متاثرین کے اس دُکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کی جانب سے پیش آمدہ ایسے واقعات میں انسان ہمیشہ بے بس ہوتا ہے اور ان کو ٹالنے کی تمام تدابیر عملانے کے باوجود ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ یہ ناگہانی حادثات اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندوں کے لیے آزمائش ہوتی ہے اور ایسے واقعات کے وقوع پذیر ہونے پر بنی نوع انسان کو صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرکے اسی سے مدد طلب کرنی چاہیے۔