جموں// ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ ریاستی انتظامیہ تمام متعلقین کے ساتھ بات چیت کیلئے ماحول تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس میں چار سے چھ ماہ تک کا عرصہ لگے گا۔ جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت میں مؤ دفاتر کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجھے وزیر اعظم نے لوگوں تک پہنچنے کی ہدایت دی ہے ، میں عام آدمی کیلئے ہر پل دستیاب رہوںگا۔ ان کے کام کروں ، ریاست کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنا کر ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس میں مذاکرات ممکن ہو سکیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ ہمیں چار سے چھ ماہ کا وقت دیتے ہیں تو میں پُر امید ہوں کہ امن اور بات چیت ممکن ہو سکے گی۔ گورنر نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں سنگبازی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین ماہ کے درمیان صرف ایک نوجوان ملی ٹینٹوں کی صفوں میں شامل ہوا ہے جب کہ پتھر بازی کا کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا، اور یہ سب اس لئے ممکن ہو سکا ہے کہ میں نے ایمانداری سے کام لیا اور اپنی غلطیوں کا بھی اعتراف کر لیا جو کہ ایک کٹھن کام ہے ۔
گورنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات تشدد سے پاک رہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ہماری پالیسیوں کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں کیوں کہ میرا ماننا ہے کہ ہم لوگوں کو یہ سمجھانے میں کامیاب رہے ہیں مسائل تشدد کے بجائے بات چیت ہی حل ہو سکے ہیں۔ گورنر نے دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کی اپنی غلطی کا ادراک ہو گیا ہوگااور اب وہ پنچایتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ گورنر نے کہا کہ کسانوں کو غیر متوقع برفباری سے بہت نقصان پہنچا ہے جس کے لئے حکومت نے انہیں ریلیف فراہم کر دیا ہے اور اب نقصانات کا تخمینہ لگا یا جا رہا ہے تا کہ سماوی آفت سے متاثرین کو پورا معائوضہ دیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی طرف سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کا کام اگلے دو تین روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی بحال کر دی گئی ہے اورسرینگر، بارہمولہ، بانڈی پور، کپوارہ اور گاندر بل اضلاع کے 90فیصد علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی ہے ۔ گورنر نے بتایا کہ بھاری برفباری کی وجہ سے 4بڑے ٹائوروں کو نقصان پہنچا جس کی وجہ سے جنوبی کشمیر میں زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع میں جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے جب کہ کولگام اور شوپیان اضلاع میںآج شام یا کل تک بجلی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے تمام ہسپتال معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔