سرینگر/ٹھنڈے موسم کے باوجود منگل کو ہزاروں لوگوں نے جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جاں بحق جنگجوﺅں کی نماز جنازوں میں شرکت کی۔
سابق فوجی ،میر ادریس اور عامر حسین راتھر نامی جنگجوبالترتیب ساکنان صفنگری اور آونیرہ آج علی الصبح ایک جھڑپ کے دوران شوپیان کے گاﺅں میں جاں بحق ہوگئے تھے۔
دونوں کے جاں بحق ہونے کی خبر کے ساتھ ہی آس پاس علاقوں کے لوگوں نے اُن کے آبائی گاﺅں صفنگری پہنچنے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور بعد دوپہر تک اُن کی تعداد ہزاروں تک پہنچ چکی تھی۔
نماز جنازوں کے کئی ادوار کے بعد میر ادریس کو قریباً 2:15بجے صفنگری کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیاجبکہ آونیرہ کے عامر کیلئے بھی دفنانے سے قبل کئی نماز جنازوں کا اہتمام کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی نے عامر کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں سے ٹیلی فون کے ذریعے خطاب کیا۔
دونوں مقامات پر لوگوں نے جنگجوﺅں کی آخری رسومات ادا کرنے کے دوران جم کر پاکستان اور آزادی کی حمایت میں نعرے بازی کی۔