اسلام آباد// وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اعلیٰ سطح اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت کو دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل سیکیورٹی کونسل کا پہلا اجلاس منگل کی دوپہر منعقد ہوا جس میں انہوں نے ملک کی اعلیٰ سیاسی اور فوجی قیادت کو اپنے دورہ چین سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اعلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر سینئر آفیشلز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ملک میں سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک میں امن، استحکام اور قانون کی حکمرانی کے ذریعے ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔ادھر عمران خان سے آرمی چیف نے ملاقات کی جس میں دورہ چین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں دورہ چین اور روسی وزیراعظم سے ملاقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ ملاقات میں ملک کی سیکیورٹی اور مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد کی صورتحال سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی غور کیا گیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ شب اپنا پہلا سرکاری دورہ چین مکمل کرکے وطن واپس پہنچے تھے۔ دورہ چین کے دوران دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ چین سے امدادی پیکج کا فوری اعلان نہ ہوسکا، لیکن اس حوالے سے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔