حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یوم آزاد تقاریب کا جوش و خروش سے اہتمام کیا جارہا ہے۔ کل بیت بازی مقابلہ منعقد ہوا جس میں 14 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ان ٹیموں کو مشہور شعراء کے نام دیئے گئے جن میں مخدوم محی الدین ٹیم نے اول حاصل کیا جس میں ایم اے جرنلزم اینڈ ماس کمیونکیشن کی طالبات ظل ہما، عائشہ سلطانہ اور عرشیہ تنظیم شامل تھیں۔ ٹیم غالب نے دوسرا مقام حاصل کیا جس میں عبدالرحمن، شیخ سمیرعرفات اور رابعہ سلطانہ نے حصہ لیا تھا۔ تیسرے انعام کی حقدار جوش ملیح آبادی ٹیم کو قرار دیا گیا جس کے اراکین ایم ایڈ کے دانش اقبال، محمد اسرائیل اور نجم الحق تھے۔ مقابلے میں انفرادی انعامات بھی دیئے گئے جس میں اندازِ پیشکشی کے لیے محمد صلاح الدین، پی ایچ ڈی اسکالر، اسلامک اسٹڈیز، معیاری اشعار پڑھنے کے لیے دانش اقبال، ایم ایڈ اور پورے مقابلے میں سب سے زیادہ اشعار پڑھنے کے لیے شیخ سمیر عرفات کو انعامات دیئے گئے۔ بیت بازی کے کنوینر محمد امتیاز عالم تھے جب کہ ڈاکٹر بی بی رضا خاتون، ڈاکٹر اسلم پرویز، ڈاکٹر ثمینہ تابش، ڈاکٹر فضیل احمد، جناب عاطف عمران، جناب عبید اللہ ریحان اور جناب غلام احمد رکن کمیٹی بیت بازی تھے۔ڈاکٹر زاہد الحق، اسوسیئٹ پروفیسر، حیدآباد سنٹرل یونیورسٹی نے حکم کے فرائض انجام دیئے۔ مہمان خصوصی کے طور پر جناب انیس احسن اعظمی، مشیر اعلیٰ اردو مرکز برائے مطالعاتِ ثقافت نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دراصل بیت بازی اردو تہذیبی وراثت کا حصہ ہے۔ اشعار کو یاد کرنے اور اس کو گنگنانے سے ہمارے ذوق سلیم کو تسکین ملتی ہے۔پروگرام کے آخر میں محمد امتیاز عالم نے شکریہ ادا کیا۔ یونیورسٹی میں مضمون نویسی مقابلے منعقد ہوئے جس میں زائد از 100 طلبہ نے رجسٹریشن کروایا ۔ جملہ 79 طلبہ نے حصہ لیا جس میں اردو میں 36، ہندی میں 26 اور انگریزی میں 17 طلبہ شامل تھے۔ نتائج کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔جناب مصباح الانظر، اسسٹنٹ پروفیسر ، سی پی ڈی یو ایم ٹی اس کے کنوینر تھے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی یوم آزاد تقاریب کے سلسلے میں نیشنل سرویس اسکیم (این ایس ایس) اور مہدی نواز جنگ انسٹیٹیوٹ آف آنکالوجی (ریجنل کینسر سنٹر) کے زیر اہتمام آج خون کا عطیہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ ایچ ڈی ایف سی بینک نے بھی اس میں تعاون کیا۔ جناب ایم پانڈو رنگا وٹھل نے بینک کے نمائندے کے طور پر شرکت کی۔ پروفیسر شکیل احمد، پرو وائس چانسلر نے افتتاح کیا۔