نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو اتراکھنڈ کے ہرشل میں تعینات فوج اور انڈو تبت بارڈر پولیس فورس (آئی ٹی بی پی) کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ اس موقع پر مسٹر مودی نے جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ برفیلی اونچایوں میں جوانوں کی اپنی ڈیوٹی کے تئیں ذمہ داری ملک کی طاقت کو مستحکم کرتی ہے اور ساتھ ہی 125 کروڑہندوستانیوں کے خواب اور مستقبل کو محفوظ رکھنے کی قوت فراہم کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیوالی روشنی کا تہوار ہے ۔ یہ بھلائی کی روشنی پھیلاتا ہے اور خوف کو دور کرتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جوان اپنی عہد بندی اور ڈسپلن کے ذریعہ سے لوگوں کے درمیان سلامتی اور بے خوفی قائم رکھنے میں مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے یاد کیا کہ وہ گجرات کے وزیر اعلی بننے کے بعد سے ہی دیوالی کے موقع پر فوجیوں کے پاس جارہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کیلاش مانسرور دورہ کے دوران آئی ٹی بی کے جوانوں کے ساتھ ہوئی اپنی بات چیت کا بھی ذکر کیا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ دفاعی کے شعبے میں ہندوستان آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے ون رینک ون پنشن سمیت سابق فوجیوں کے بہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج کو اقو ام متحدہ قیام امن فورس میں شامل ہوکر دنیا بھر میں تعریف و توصیف ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر فوج کے جوانوں کے وجہ ہی ملک مضبوط اور لوگ محفوظ ہیں۔ وزیر اعظم نے جوانوں کو مٹھائی پیش کی اور ایک دو جوانوں کو خود اپنے ہاتھوں سے مٹھائیاں کھلائیں۔ انہوں نے آس اس کے علاقوں کے لوگوں سے بھی بات چیت کی جو دیوالی کے موقع پر انہیں مبارک باد دینے کے لئے وہاں جمع ہوگئے تھے ۔ مسٹر مودی بدھ کی صبح دہرادون پہنچے تھے ۔ اس کے بعد وہ اتراکھنڈ میں ہندوستان ۔چین سرحد کے قریب واقع ہرشل اسٹیشن پہنچے ۔ آٹھ ہزار فٹ کی اونچائی پر واقع فوج کے بیس پر فوجی سربراہ اور آئی ٹی بی پی کے ڈائرکٹر جنرل سے ملاقات کرنے کے بعد انہوں نے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ جوانوں سے ملاقات کے دوران فوج کے سربراہ جنرل بپن چند راوت اور انڈو تبت بارڈر پولیس کے ڈائرکٹر جنرل سرجیت سنگھ دیسوال بھی موجود تھے ۔ اس کے بعد مسٹر مودی ہرشل سے کیدارناتھ مندر پہنچے اور انہوں نے مندر میں پوجا ارچنا کی۔ وزیر اعظم نے 2013 میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ کی باز آبادکاری ا ور کیدارناتھ دھام کی تعمیر نو کے کاموں کا جائزہ لیا۔ مسٹر مودی کے ساتھ اتراکھنڈ کے وزیر اعلی ترویندر سنگھ راوت نے بھی سیلاب کے بعد مندانکنی کے ساحل پر بنے گھاٹوں کا جائزہ لیا۔ ہرشل سطح سمندر سے 8000 فٹ سے زیادہ بلندی پر واقع ہے اور یہ ہندوستان۔چین سرحد اور مشہور مذہبی مقام منوتردھام کے قریب ہے ۔ اس وادی میں ملک کے آخری سرے پر آباد سب سے زیادہ آبادی والا مقام ہے اور یہ علاقہ اپنی خوبصورتی کیلئے جانا جاتاہے ۔