سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات کو سرکاری فورسز کے تلاشی آپریشن کے دوران جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران فورسز اہلکاروں نے سنگباری کررہے مظاہرین کیخلاف آنسو گیس کے گولے داغے ۔
ایک پولیس آفیسر نے کہا کہ علی الصبح فوج ، سی آر پی ایف اور پولیس کے اہلکاروں نے آری ہل نامی گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ یہ آپریشن گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
چونکہ تلاشی آپریشن شروع ہوتے ہی مقامی لوگ، خاص کر نوجوان گھروں سے باہر آکر احتجاج کرنے لگے۔ مظاہرین نے فورسز اہلکاروں پر پتھر مارے جبکہ جواب میں اہلکاروں نے اُن کیخلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تلاشی آپریشن کو ختم کیا گیا ہے کیونکہ گائوں میں کوئی جنگجو نہیں ملا۔