پلوامہ// ضلع پلوامہ کے آری ہل گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران مظاہرین اور فورسز میں جم کر جھڑپیں ہوئیں، جن میں کئی افراد مضروب ہوئے۔ادھر شوپیان میں جنگجوئوں کی ایک کمین گاہ سے اسلحہ بر آمد کیا گیا جبکہ بانڈی پورہ میں تلاشیاں لی گئیں۔آری ہل گائوں کا فورسز نے جنگجوئوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد جمعرات کی صبح ساڑھے 5بجے کے قریب محاصرہ کیا ۔44آر آر ،سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے مشترکہ طور پر گائوں کے تمام خارجی وداخلی راستوں کو سیل کیا ۔صبح کے وقت جونہی علاقے میں گھر گھر تلاشی کارروائی کا سلسلہ شروع کیا گیا ،تو مختلف اطراف سے نوجوانوں کی ٹولیاں نمودار ہوئیں ،جنہوں نے مشتعل ہو کر فورسز پر پتھرائو کیا ۔جوابی کارروائی میں فورسز نے ٹیر گیس اور پیلٹ شلنگ کی ۔یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس میں کئی افراد و فورسز اہلکاروں کے مضروب ہونے کی اطلاع ہے ۔ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ۔ادھرپولیس نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ شوپیان ضلع میں جنگجوئوں کی ایک کمین گاہ دریافت کرکے اْسے تباہ کردیا گیا۔پولیس نے ٹویٹ کیا کہ رام نگری شوپیان میںجنگجوئوں کی کمین گاہ تباہ کی گئی۔پولیس کے مطابق مذکورہ کمین گاہ سے بہت سارا قابل اعتراض سامان بر آمد کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق جنگجوئوں کی کمین گاہ سے آئی ای ڈی تیار کرنے کیلئے در کار مواد اوردیگر اشیاء کو بھی برآمد کرکے تحویل میں لے لیا گیا۔ ادھر جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعدفوج اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں چھٹی بانڈے بانڈی پورہ کے گنائی محلہ کو محاصرے میں لیا ۔فوج نے ان علاقوں کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کردئے جس دوران نہ کسی کو وہاں کی طرف جانے اور نہ ہی کسی کو باہر آنے کی اجازت دی گئی۔تاہم وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائی کے باوجود بھی اس علاقے میں کہیں پر بھی فورسز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا نہیں ہوا اور نہ کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔