نئی دہلی // جنتا دل یونائیٹڈ کے سابق رہنما شرد یادو نے ریاست جموں وکشمیر میں گورنر کی طرف سے اسمبلی تحلیل کئے جانے کو جمہوریت کے قتل سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے ریاستی اسمبلی کو تحلیل کئے جانے کی کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ کی جانب سے اپنائے گئے طریق کار کو جانبدارانہ قرار دیا۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوری اداروں کی عزت و توقیر کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔شرد یادو نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ریاست کی بڑی جماعتوں نے متحدہ طور پر حکومت سازی کے حوالے سے آگے آنا شروع کیا تو گورنر کی طرف سے ریاستی اسمبلی کو تحلیل کیا جانا ایک جانبدارانہ اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ریاست جموں وکشمیر کے اندر بلدیاتی انتخابات کا بگل بجایا گیا حالانکہ ریاست کی سب سے بڑی علاقائی جماعتوں نے ان انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا تھا تاہم ایسے میں ریاستی گورنر نے انتخابات کو منعقد کراکے جمہوریت کا مذاق اُڑادیا۔شرد یادو کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے نہ ہی کبھی ملک کے آئین کی پرواہ کی ہے اور نہ ہی جمہوری اداروں کا کوئی احترام اُن کے ہاں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست جموں وکشمیر میں انتخابات بے معنی ہوکر رہ گئے ہیں کیوں کہ یہاں لوگوں کی ترجمانی کے حق کو سر بازار قتل کیا گیا۔