سرینگر/جمعہ شام دیر گئے سینٹرل کشمیر کے بڈگام ضلع میں فوج کی مبینہ فائرنگ سے ایک شہری بری طرح زخمی ہوگیا۔
اشفاق احمد گنائی ولد نذیر احمد گنائی ساکنہ ماگرے پورہ بڈگام اُس وقت زخمی ہوگیا جب خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق 50آر آر سے وابستہ فوجی اہلکاروں نے چھترگام میں اُس پر فائرنگ کی۔
اس واقعہ میں اشفاق گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہوگیا جس کے بعد اُسے مقامی اسپتال لیجایا گیا۔تاہم وہاں سے زخمی اشفاق کو ایڈوانسڈ علاج کیلئے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی بڈگام تیجندر سنگھ کے مطابق چھترگام میں فائرنگ کا ایک وقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ایک پولیس پارٹی جائے واردت پر پہنچ گئی ہے اورتفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) منیر خا ن نے بھی چھتر گام واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
تاہم فوج نے اپنے ایک بیان میں فائرنگ کے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشفاق نامی شہری کو جنگجوئوں نے اُن کے کیمپ سے کچھ سو میٹر دور گولیاں مار کر زخمی کردیا۔ فوج کے بیان کے مطابق اُن کے اہلکار گولیوں کی آواز سن کر ہی جائے واردت پر پہنچ گئے اور شہری کو زخمی حالت میں پایا۔
اس دوران مشتبہ جنگجوئوں نے شام کو ہی جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں کانگریس کے ایک لیڈر چھنی سنگھ ساکنہ مونگہ ہامہ کے گھر پر گرینیڈ داغا جو اگر چہ رہائشی مکان کے احاطے میں ہی پھٹا تاہم اس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔