شوپیان+ترال//ضلع شوپیان میں نامعلوم بندوق برداروں نے جموں و کشمیر پولیس کے سابق ایس پی او سمیت تین افراد کو اغوا کرلیا تاہم بعد میں سابق ایس پی او کے بغیردو کو چھوڑ دیا گیا۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ریبن زینہ پورہ میں جامع مسجد کے قریب ایک چھوٹا سا میدان ہے ،جہاں پر اکثر شام کے وقت علاقے کے لوگ بیٹھا کرتے ہیں۔ سابق پولیس اہلکار بشارت احمد وگے ولد غلام محمد وگے، ریاض احمد وگے ولد عبد الحمید وگے اور زاہد احمد وگے ولد علی محمد وگے نامی تینوں افراد اسی میدان میں بیٹھے تھے کہ اچانک ایک الٹو کار میں سوار نقاب پوش بندوق بردار آئے اور ان تینوں کو اغواء کرلیا۔یہ تینوں افراد ریبن زینہ پورہ سے تعلق رکھتے ہیں۔بعد میں شام کے وقت سابق ایس پی او کے بغیر دو کو چھوڑ دیا گیا۔واضح رہے کہ رواں ماہ کی 15 تاریخ سے ضلع شوپیان میں شہریوں کو اغوا کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔جہاں ابھی تک 8 کو اغوا کرلیا گیا ہے جن میں سے دو کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ایک کی ٹانگ میں گولی مار دی گئی۔ادھرترال میں جنگجوئوں نے کانگریس کے سینئر لیڈر کے مکان پر حملہ کیا۔سردار سریندر سنگھ چنی کے مکان واقع مونگہامہ ترال میں جمعہ کی شام سوا 6بجے کے قریب جنگجوئوں نے مذکورہ کانگریس کے سینئر لیڈر کے گھر پر ایک ہتھ گولہ پھینکا جو زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ ۔معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ کے وقت چند سیکورٹی اہلکاروں کے سوا گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا ۔ واقعہ کے فوراً بعد فوج، فورسز اور ایس اوجی نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی۔ ایس ایس پی اونتی پورہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شام چھے بجے جنگجوئوںنے کانگریس لیڈر کے گھر پر گریینڈ پھنکا جو مکان کے صحن میں گرنے کے ساتھ ہی زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ہے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔