سرینگر //مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل و غارت گری کو کشمیریوں کی منظم نسل کشی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت یہاں کے مزاحمتی عوام کو پشت بہ دیوار کرنے کیلئے کشت و خون کا سلسلہ دراز کیا جارہا ہے ۔قائدین نے دو نہتے شہریوں اشفاق احمد گنائی اور مسکان جان نامی لڑکی کو فورسز کی فائرنگ سے ہلاک کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کی موت کے ساتھ امسال فورسز کے ہاتھوں شہید کئے گئے کشمیریوں کی تعداد400 سے تجاوز کر گئی ہے۔قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فورسز کے ہاتھوں قتل و غارت گری اور ہلاکتوں کیخلاف آج اتوار 25نومبر کو نماز عصر اورمغرب کے بعد مشعل اورموم بتیاں(Candle) روشن کرکے پر امن اور منظم احتجاج کرکے ان مظالم کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔