سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے گزشتہ تین دنوں کے دوران جموں کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں 18؍افراد کو شہید، جبکہ درجنوں افراد جن میں خواتین، بچے، نوجوان شامل ہیں، کو گولیوں اور پیلٹ گنوں کے بے تحاشا استعمال کے ذریعے زخمی کرنے کی کارروائیوں کے خلاف آج 26؍ نومبر سوموار کو ریاست گیر ہڑتال اور یوم سیاہ کے ذریعے اپنا پُرامن احتجاج درج کرنے کے لئے حریت پسند عوام سے دردمندانہ اپیل کی ہے۔شوپیان قتل عام، غارت گری اور ظلم وجبر کو صریح سرکاری دہشت گردی کا کھلا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے مشترکہ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ فورسز نوآبادیاتی ذہن فاشسٹ حکمرانوں کی ایما پر نیز مواخذے سے مکمل استثنیٰ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی تازہ مثال حالیہ تین ایام کے دوران شوپیان، بجبہاڑہ، پانپورہ وغیرہ کے خونین واقعات ہیں۔