سرینگر//حریت (ع )چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت اب غیر جمہوری اور غیر انسانی حربوں کے علاوہ سیاسی اور اقتصادی طور پر کشمیریوں کو ہر طرح سے مفلوج بنانا چاہتا ہے اور اسی کی ایک کڑی کے طور پراب جموںوکشمیر بنک میں سرکاری طور پر مداخلت کرکے اس کی حیثیت ختم کرنے کی کوششوںکا آغاز کیا گیا ہے جس کے خلاف بھر پور مزاحمت کی جائیگی۔میرواعظ نے کہا کہ انتخابات کی آمدتک کشمیر میں پوری طرح سے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کرنے اور انہیں چن چن کر ختم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے خلاف ہمیں بھر پور حکمت عملی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مسائل کو حل کرنے کیلئے متحدہ طور پر آگے آنا ہے اور غیر معمولی حالات میں بھر پور اتحا د اور یکجہتی کا اُسی طرح مظاہرہ کرنا ہے جس طرح دفعہ35A کے تحفظ اور دفاع کیلئے عوام کے ہر طبقوں نے اتحاد اور یکسوئی کا مظاہرہ کیا۔