سرینگر/رواں برس کے دوران اب تک کشمیر کے اندر9کمانڈروں سمیت227جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ماہ نومبر اب تک کا خونین مہینہ ثابت ہوا جس کے دوران37جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
ہندوستان ٹائمز میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مارے جانے والے جنگجوئوں میں لشکر کمانڈر نوید جھاٹ بھی شامل ہے جسے ایک اور جنگجو کے ہمراہ بدھ کو بڈگام میں جھڑپ کے دوران جاں بحق کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس اسی عرصہ کے دوران کشمیر کے اندر207جنگجو جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ اس وقت کشمیر میں سرگرم جنگجوئوں کی تعداد 250کے آس پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی کامیاب آپریشنز کے بعد ،خاص کر جنوبی کشمیر میں ملی ٹنسی کا گراف کافی نیچے آگیا ہے۔
رپورٹ میں کسی آفیسر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس وقت صرف چار جنگجو کمانڈر سرگرم ہیں اور ان میں حزب المجاہدین کا آپریشنل کمانڈر ،ریاض نائیکو،البدر کمانڈر ذینت الاسلام، برہان وانی کا ساتھی لطیف ٹائیگر اور ذاکر موسیٰ شامل ہیں۔