اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی دبئی جائیدادوں اور ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ کی تفصیلات طلب کر لیں۔؎اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ میں پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ کے استفسار پر چیئرمین ایف بی آر نے عدالت کو بتایا کہ ایف بی آر نے کمیٹی بناکر 20 لوگوں کا جائزہ لیا ہے، چار لوگوں نے دبئی میں جائیداد تسلیم کی ہے، دو لوگ عدالتی حکم کے بعد ایف بی آر میں پیش نہیں ہوئے، 14 لوگوں نے جواب دیا لیکن ان کے جواب میں تضاد ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ وقار احمد کی 14 جائیدادیں دبئی میں ہیں لیکن انہوں ٹیکس 6 لاکھ روپے دیا، ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے سے قبل جائیداد کوتسلیم کرنا پڑتا ہے، کیا علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد ہے؟، جس پر چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ علیمہ خان کی دبئی میں 6 پراپرٹیز ہیں۔ ایمنسٹی اسکیم کے تحت فائدہ لینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جاتے ہیں۔