سرینگر//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے کہا ہے کہ ریاست بھر میں 2020 تک بجلی کی کمی کے مسئلے کو کافی حد تک حل کیا جائیگا کیونکہ اس اہم شعبہ میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری کا عمل جاری ہے۔ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ایک اعلیٰ سطحی کلہم جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیول کمارشرما نے متعلقہ محکمہ کو ہدایات دیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری پروجیکٹوں کو مقررہ وقت تک مکمل کریں تاکہ اسکے ثمرات عام لوگوں تک جلد از جلد پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی ریاست جموں وکشمیر میں اہم مسئلہ ہے، خاص کر موسم سرما میں، جب موسمی صورتحال ابتر ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ جب میری تقرری حال ہی میں کی گئی ، گورنر نے ریاست میں بجلی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے مجھے ہدایات دیں، بالخصوص وادی کشمیر میں میری ہر ممکن کوشش جاری ہے کہ میں متعلقہ محکمے کے افسران سے نامکمل پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کو یقینی بناؤں ۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ریاست بھر میں بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے سولر و دیگر قابلِ تجدید توانائی کو بھی بروئے کار لا کر لوگوں کی بجلی کی ضرورتیں پوری ہوں ۔ بجلی کے بحران سے نمٹنے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کی تفاصیل پیش کرتے ہوئے کیول کمارشرما نے کہا کہ ایک کلیدی پروجیکٹ ، جو مکمل ہونے کے قریب ہے، آلسٹینگ گرڈ سٹیشن کی تکمیل ہے،جو وادی کی بجلی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروجیکٹ اس سال دسمبر کے مہینے میں ہی مکمل کیا جائے گا اوراس گرڈ سٹیشن کی بدولت وادی میں بجلی کے نظام میں بڑے حد تک استحکام آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ 109 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور ابھی تک اس پروجیکٹ پر 81 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں ۔ میٹنگ کے دوران چیف انجینئر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حشمت قاضی نے محکمے کی کلہم کارکردگی کا خلاصہ پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کاری اور اوپریشن 11563 منظور شدہ ملازمین کی تعداد میں سے 9109 ملازمین چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای ایم آر ای کشمیر میں واحد ایک ایجنسی ہے جو 33 کے وی سطح کے نیچے بجلی کا نظام سنبھال رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای ایم آر ای ونگ 9.65 لاکھ صارفین کو بجلی فراہم کرتا ہے ۔ ٹرانسفارمروں کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ خراب شدہ ٹرانسفارمروں کی جگہ نئے ٹرانسفارمر نصب کرنے کے عمل میں سرعت لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی علاقہ ایک ہفتے کیلئے بغیر بجلی نہ رکھا جائے ۔ مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ وادی بھر میں 26858 ٹرانسفارمر کام کر رہے ہیں انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ بجلی ٹرانسفارمروں کے سٹاک بڑے پیمانے پر معرض وجود میں لایا جائے ۔