نئی دہلی //حکومت نے بحرہندمیں ہندستانی بحریہ کے تسلط کو قائم رکھنے کے لیے اس کے بیڑے میں 56بحری جنگی جہاز اور چھ آبدوز شامل کرنے کا اہم فیصلہ کیاہے ساتھ ہی دوسرے دیسی طیارہ بردار جہاز کے تعلق سے بھی بات چیت ٹھوس شکل اختیار کررہی ہے ۔بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل سنیل لامبا نے بحریہ کے دن کے موقع پر پیر کے روز یہاں منعقد سالانہ پریس کانفرنس میں کہاکہ بحریہ سازوسامان کی تیاری کے شعبہ میں تیزی سے خودکفیل ہورہی ہے ۔حکومت نے ملک کی سلامتی کی ضرورتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے بحریہ کے بیڑے کے لیے 56بحری جنگی جہازوں اور چھ آبدوزوں کی منظوری دی ہے ۔انھوں نے کہاکہ یہ جنگی جہاز اور آبدوز تقریبا ایک دہائی کے عرصہ میں بحریہ کے بیڑے میں شامل کر لیے جائیں گے ۔ان میں سے کچھ جنگی جہاز پرانے جنگی جہازوں کی جگہ لیں گے تو کچھ بحریہ کے بیڑے میں توسیع کرکے اسے مضبوط بنائیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ اس کے علاوہ ملک کے مختلف شپ یارڈوں میں ابھی 32بحری جنگی جہاز اور آبدوز بنائی جارہی ہیں ۔ان میں طیارہ بردار جہاز آئی این ایس وکرانت ،پی ۔15بی زمرے کے حربی ،پی 17اے زمرے کے اسٹیلتھ فرگیٹ ،گشتی جہاز اور آبدوز شامل ہیں ۔ملک میں ہی تیارکیے جارہے طیارہ بردار جہاز آئی این ایس وکرانت تعمیر کے تیسرے اور آخری مرحلہ میں ہے ۔سمندر میں اس کا تجربہ 2020کے وسط میں شروع ہونے کا امکان ہے ۔اس سے بحریہ کی طاقت اور فضا میں وار کرنے کی صلاحیت بڑھے گی ۔انھوں نے کہاکہ بحریہ کے لیے دوسرے طیارہ بردار جہاز کے تعلق سے بھی بات ٹھوس طریقہ سے آگے بڑھ رہی ہے ۔بحریہ کے پاس تین طیارہ بردار جنگی جہاز ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر انھوں نے کہاکہ یہ ایک موزوں صورت حال ہے جس میں دوطیارہ بردار جہاز ایک ساتھ کارروائی کے لیے دستیاب رہ سکیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ ممبئی حملے کے مدنظر ساحلی سیکورٹی کو چاق وچوبند کیاجارہاہے اور ملک کی سبھی کشتیوں کو آٹومیٹک شناختی نظام (اے آئی ایس)سے جوڑنے کے لیے پائلٹ پروجکٹ تمل ناڈو ،گجرات اور پڈوچیری میں کامیاب رہاہے ۔اسے اب سبھی کشتیوں میں نصب کیاجائیگا۔انھوں نے کہاکہ ہر علاقہ میں کامیابی کا لوہا منوارہی خواتین کے بحریہ میں بڑھتے ہوئے رول کے مدنظر ابھی بنائے جارہے سبھی بحری جہازوں اور جنگی جہازوں میں خواتین کی ضرورتوں کو نظر میں رکھتے ہوئے سہولیات کو فروغ دیاجارہاہے ۔انھون نے کہاکہ مستقبل میں بنائے جانے والے تربیتی جنگی جہازوں میں خواتین کی ضرورتوں سے متعلق سہولیات کو فروغ دیاجائیگا ۔