نئی دہلی//کانگریس صدر راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کے نیشنل ہیرالڈ کیس سے متعلق انکم ٹیکس معاملہ کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور کانگریس رہنما آسکر فرنانڈیز کی انکم ٹیکس تحقیقات کو جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ سال 2011-12 میں جمع کرائے گئے ٹیکس کا اسیسمنٹ کر رہا ہے۔ تاہم، اس معاملے میں سپریم کورٹ نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا ہے۔ اب اس کیس کی اگلی سماعت 8 جنوری 2019 کو ہوگی۔اس سے پہلے تیرہ نومبر کو ہوئی سماعت میں عدالت کی طرف سے راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کو بڑا دھچکا لگا تھا۔ عدالت نے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ ان کو جاری کردہ نوٹس پر روک لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ تاہم، ان کی عرضی کو سماعت کے لئے قبول کر لیا تھا۔اس معاملہ میں راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ 10 ستمبر کو دہلی ہائی کورٹ نے سال 2011-12 کی ٹیکس تشخیص معاملہ کو دوبارہ کھولے جانے کے معاملہ میں دونوں لیڈروں کو راحت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اپنے فیصلہ میں ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ٹیکس سے متعلق پرانے معاملوں کی جانچ ٹیکس محکمہ پھر سے کر سکتا ہے۔