سرینگر/شمالی کشمیر کے حاجن میں سوموار کو دو جاں بحق کمسن جنگجوئوں کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد قصبہ میں فورسز اور مظاہرین کیخلاف جھڑپیں ہوئیں۔ اس سے قبل دونوں مقامی جنگجوئوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کے بعد اُنہیں انتہائی جذباتی مناظر کے بیچ سپرد لحد کیا۔
چودہ سالہ مدثر رشید پرے اورسترہ سالہ ثاقب بلال شیخ ساکنان حاجن، گذشتہ روز سرینگر کے مضافاتی علاقہ مُجہ گنڈ میں فورسز کے ساتھ ایک طویل معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔اُن کے ہمراہ پولیس کے مطابق ایک پاکستانی جنگجو بھی جاں بحق ہوا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق فلک شگاف نعرے بازی اور آہوں و سسکیوں کے بیچ جونہی دونوں جنگجوئوں کی آخری رسومات اختتام کو پہنچیں تو سینکڑوں نوجوان مظاہرین نے تعینات فورسز اہلکاروں پر سنگباری کی جنہوں نے جواب میں اُن پر آنسو گیس کے گولے داغے۔
علاقے میں آخری اطلاعات ملنے تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔