نئی دلی// سابق مرکزی وزیریشونت سنہانے وزیراعظم نریندرمودی پرحملہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارے وزیراعظم پاگل بادشاہ محمدبن تغلق سے مختلف نہیں ہیں۔اطلاعات کے مطابق سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے ترنمول کانگریس کی جانب سے منعقد ایک ٹاک شو ’آئیڈیا آف بنگال‘ میں کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی نے ملک کے اہم اداروں کو برباد کر دیا اور وہ بالکل محمد بن تغلق کی طرح برتائو کرتے ہیں۔ٹاک شو کے دوران یشونت سنہا نے کہا کہ ’’جس طرح سے محمد بن تغلق کبھی اپنی راجدھانی دہلی سے دولت آباد لے جاتا ہے اور کبھی چمڑے کا سکہ چلواتا ہے، اس کی حرکتوں کی وجہ سے اسے تاریخ میں پاگل بادشاہ کا خطاب دیا گیا ہے،اوربقول موصوف ٹھیک اسی طرح کا رویہ ہمارے وزیر اعظم نریندرمودی اختیار کر رہے ہیں‘‘۔ یشونت سنہا نے خود کو اتنے پر ہی نہیں روکا، وہ یہاں تک کہہ گئے کہ مودی حکومت نے مرکزی کابینہ سمیت ملک کے اہم اداروں کو برباد کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں ایسا اس لئے کہہ رہا ہوں کیونکہ کابینہ کو بتائے بغیر کئی اہم فیصلے لیے جا رہے ہیں۔اٹل بہاری واجپئی حکومت میں وزیر مالیات اور وزارت داخلہ کی کارگزاری سنبھال چکے یشونت سنہا نے کہا کہ مودی کے بربریت پر مبنی فیصلے کی دوسری سب سے بڑی مار پارلیمنٹ پر پڑی ہے۔انہوں نے مودی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے کئی اہم آرڈیننس کو پاس کرانے کے دوران راجیہ سبھا کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔یشونت سنہا نے کہا کہ مودی حکومت کے اس طرح کے رویہ اور پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے ہی انھوں نے طے کیا ہے کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ نریندرمودی کیخلاف بولنے کے لئے مدعو کرے گا تو وہ اسٹیج پر ضرور جائیں گے۔خیال رہے اس سے قبل بی جے پی میں رہتے ہوئے بھی یشونت سنہا نے مودی حکومت اور ان کے فیصلوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔ کچھ مہینوں پہلے یشونت سنہا نے بی جے پی سے خود کو الگ کر لیا تھا۔