سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے شوپیاں کے زینہ پورہ علاقے میں ایک پولیس پوسٹ پر ملی ٹنٹ حملے میں چند پولیس اہلکاروں کے مارے جانے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اِظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے اس واقعہ میں فوت شدہ پولیس اہلکاروں کے ارواح کی ابدی سکون کے لئے دعا کی اور متاثرہ کنبوں کے ساتھ اِظہار ہمدری کی ہے۔اُدھرنیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے شوپیان ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں ۔ عمر عبداللہ نے صدمے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت انسانیت سوز کارروائی ہے ۔ انہوں نے سوگوارکنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی ہمیشہ امن پسند رہے ہیں اور عدم تشددکے حامی رہے ہیں ۔عمرعبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں مکمل امن لوٹ آنے کی واحد صورت یہی ہے کہ ہندو پاک مل کر کشمیر کے سیاسی مسئلہ کو حل کر یں تاکہ بر صغیر میں امن کی فضا قائم ہو۔ادھرپی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے تشدد نے ہلاکتوں اور تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا اور ریاستی عوام نے صرف تباہی ہی تباہی دیکھی ۔انہوں نے مہلوک پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا ۔