بانہال// المعھد الشرعی للبنات سیرن کھڑی تحصیل کھڑی ضلع رام بن کے سالانہ جلسہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں بچیوں کے اس ادارہ کے سالانہ نتائج کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ طالبات کی اسلامی تعلیم و تربیت کے لئے قائم کئے گئے اس ادارہ کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ پروگرام میں طالبات نے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور روز مرہ کی زندگی گذار نے کے بہترین اسلامی آداب تعلیمات، اصول و ضوابط اور حقوق خواتین اور ان کی تعلیم و تربیت کے متعلق عوام الناس کی توجہ مبذول کروائی اورمختلف موضوعات پر اپنی تقاریر پیش کیں۔شدید سردی اور بارش کے باوجود اس جلسے میں 600 کے قریب لوگوں نے شرکت کی، جس میں 150سے زائد خواتین بھی شامل تھیں جن کیلئے پردے کا معقول انتظام کیا گیا تھا۔ مولانا مشتاق احمد ویری نائب صدر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر مہمان خصوصی تھے اور انہی کی زیر نگرانی جلسے کاپروگرام نماز عصر تک چلتا رہا۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں بچیوں کی دینی تعلیم و تربیت، درس و تدریس کے فرائض سرانجام دینے اور خواتین کے حقوق اور ان کی عصمت و آبرو کے تحفظ کے بارے میں قرآن وحدیث کی روشنی میں مدلل بیان فرمایا۔ انہوں نے بچیوں کی دینی تعلیم و تربیت اور جدید دور میں جو غلط افکار و نظریات اور فتنوں سے با خبر رہنے کی تلقین کی اور بہترین دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کی خاطر تمام مسلمانوں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا’ آج یورپ و مغرب کے لوگ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وہ دنیا کے لوگوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ معاشرے میں اخلاقی اقدار کے قیام کیلئے دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم یعنی Moral Education کو لازمی قرار دیتے ہیں،اور اسلام کے بڑھ کر کوئی بھی دنیا کا دوسرا ایسا مذہب نہیں ہے جو سب سے زیادہ بہتر ین اخلاقی تعلیم کے اصول پیش کرتا ہے۔ ان دینی اداروں کے قیام کا مقصد ہی یہی ہے انسان کو اپنے اللہ سے تعلق قائم کرنا اور انسانی حقوق کا تحفظ، احترام اور ایک دوسرے کے حقوق کو پہچاننا بہترین و صالح معاشرے کے قیام کیلئے اپنی نوجوان نسل کو اچھی تعلیم و تربیت کرنا، اور چونکہ جب معاشرہ پاک و صاف ہوگا جب ہی اس میں فتنے و فساد، حقوق کی پامالی کا قلع قمع ہوگا۔ متعدد مقامی علماء نے بھی سامعین کو اپنے قیمتی خطابات سے محظوظ فرمایا۔ آخر پر امتحان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔