جموں//مرکزی حکومت نے اننت ناگ ، بارہمولہ ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ اور راجوری میں صحت و طبی تعلیم محکمے کی طرف سے تعمیر کئے جا رہے پانچ نئے میڈیکل کالجوں کیلئے 260 کروڑ روپے کی رقم واگذار کی ۔ صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اٹل ڈولو کے مطابق ان رقومات کی واگذاری سے ان کالجوں کیلئے مرکزی حصہ 765 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت صحت و فیملی ویلفیئرنے ہر میڈیکل کالج کیلئے 189 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے ۔ اٹل ڈولو نے کہا کہ متعلقہ محکمہ نے ایم سی آئی رہنما خطوط کے مطابق ان کالجوں کو بنیادی ڈھانچہ ، ساز و سامان اور افرادی قوت فراہم کرنے کے اقدامات شروع کئے ہیں تا کہ اگلے سال سے ایم بی بی ایس داخلوں کی شروعات ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان پانچ نئے میڈیکل کالجوں سے سالانہ 500 ایم بی بی ایس طلاب کو داخلہ دیا جا سکتا ہے ۔