اسلام آباد// سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پاکستان، نئی دہلی کے منفی رویے کے باوجود ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کی کوششیں جاری رکھے گا اور انہوں نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت کی جائے۔پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے حوالے سے پر عزم ہیں۔سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ نئی دہلی نفرت کو ہوا دے رہی ہے اور دشمنی کو پروان چڑھا رہی ہے، یہ نہ صرف پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے جنوبی ایشیا کی ترقی اور امن میں بھی رکاوٹ پیدا ہورہی ہیں۔سیکریٹری خارجہ نے نئی دہلی کی جانب سے ’فوج کو جدید بنانے کے لیے بے پناہ اخراجات‘ کرنے پر بھی تنقید کی اور عالمی طاقتوں کی جانب سے اس میں مدد فراہم کرنے پر بھی سوالات اٹھائے۔