بانہال +سرینگر // پسیاں گر آنے اور ٹنل کے آر پار برفباری کی وجہ سے سرینگر جموں شاہراہ بند کردی گئی ہے۔اس دوران وادی کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔منگل کی رات سے جواہر ٹنل کے دونوں طرف وقفے وقفے سے برفباری کی وجہ سے پیدا ہوئی پھسلن کے نتیجے میں جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بدھ کی دوپہربند کردی گئی اور تین ہزار کے قریب مسافر اورمال بردار گاڑیوں کو بانہال ، مگر کوٹ،رام بن اور ادہمپور کے علاقوں میں روک دیا گیا ۔اس دوران پیڑاہ اور رام بن کے درمیان بارشوں کی وجہ سے گر آئی پسیوں اور پتھروں کو شاہراہ سے صاف کرکے اس سیکٹر کو قابل آمدورفت بنایا گیا ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک رام بن شکتی کمار پاٹھک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دوپہر بعد ٹنل کے دونوں طرف ہورہی برفباری کی وجہ سے سڑک پرپھسلن پیدا ہوئی جس کی وجہ سے ٹریفک کو بانہال ، مگرکوٹ ، رام بن ، چندرکوٹ اور ناشری ٹنل کے دوسری طرف ادہمپور میں روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر پیڑاہ ، منکی موڑ ،بیٹری چشمہ اور رامسو کے درمیان کئی مقامات پر بارشوں کی وجہ سے پسیاں اور پتھر بھی گر آئے ۔اس دوران شاہراہ پر سیری رام بن اور پیڑا کے قریب گرتے پتھروں کے دو الگ الگ واقعات میںدو مسافر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی شناخت محمد یوسف ولد محمد خلیل اور گلزار احمد ولد غلام محی الدین کے طور کی گئی ۔ ادھر بانہال کے کھڑی علاقے میں ایک ٹاٹا سومو ہرنیہال کے مقام پر سڑک سے لڑھک کر30 فٹ نیچے گر گئی جس کی وجہ سے ٹاٹا سومو میں سوار تین خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے ۔زخمیوں میں سے تین کو بہتر علاج و معالجہ کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا ۔ادھروادی کے میدانی علاقوں میں مطلع ابرالودرہنے اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشوں کے بیچ دن کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی ہے ۔محکمہ نے پیشگوئی کی ہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران وادی کے کچھ ایک بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ دن کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی مزید کمی متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ موسم ابرالود رہنے اور پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برف باری کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی، سرینگر شہر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 6.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا وہیں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 0.2ڈگری تھا ۔ گلمرگ ، پہلگام ، کوکرناگ ، کپوارہ اور خطہ لداخ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجاد سے نیچے رہا ۔ترجمان کے مطابق پہلگام میں منفی 5.0،گلمرگ میں منفی 8.0،کپواڑہ میں منفی 2.8،کوکرناگ میں منفی 0.8ریکارڈ کیا گیا ۔خطہ لداخ کے لیہہ میں منفی 9.1اور کرگل میں منفی 9.3ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔