بانہال+سرینگر //برفباری کی وجہ سے بند پڑی جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جمعرات کی شام جزوی طور بحال کی گئی اور بانہال و رام بن کے درمیان درماندہ پڑی سینکڑوں مسافر گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پروادی کشمیر کی طرف چھوڑ دیا گیا ۔اس دوران اور کسی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ ایس ایس پی ٹریفک شکتی پاٹھک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ دو بجے بعد موسم میں آئی بہتری کے ساتھ ہی ٹنل کے دونوں طرف شاہراہ سے برف صاف کیا گیا اور جمعرات کی چار بجے بانہال ، رامسو اور رام بن کے درمیان بند پڑے مسافر ٹریفک کو بحال کر کے وادی کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔بدھ کی رات بانہال میں درماندہ سینکڑوں مسافروں کو انتظامیہ ، پولیس اور مقامی رضاکار وں کی مدد سے ہوٹلوں ، مسافر خانوں ، بانہال درشی پوریہ، چریل ٹھٹھاڑ اور نوگام کے درجنوں گھروں میںٹھہرایا گیا۔ مسافروں نے عوام اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس دوران ٹنلکے آر پاربدھ اور جمعرات کی درمیانی رات بالائی علاقوں میں تازہ برفباری جبکہ میدانوں علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ۔تاہم جمعرات کی سہ پہر سے سورج نکل آیا تاہم وادی بھر میں سردی کی شدید لہر جاری رہی۔محکمہ موسمیات نے اگلے ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزیدگراوٹ آئے گی ۔جمعرات کو بھی وادی میں موسم ابرالودرہا اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں ۔ تازہ برف باری کے باع مغل روڑ اور لداخ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت گزشتہ چار روز سے معطل ہے اسی طرح گریز بانڈی پورہ سڑک بھی حالیہ برف باری کی وجہ سے عارضی طور پر بند رکھی گئی ہے ۔ کیرن اور مژھل کی سڑکیں بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے ہنوز بند پڑی ہیں ۔سیاحتی مقام پہلگام میں ہلکی برف باری ہوئی ہے ۔پہلگام میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈمیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات شدید برف باری ہوئی۔گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 9.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔