سرینگر/جنوبی کشمیر پلوامہ میں کھارہ پورہ،سرنو گائوں میں سنیچر کو جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کی جگہ پر فورسز کے ساتھ شدید جھڑپوں کے دوران ایک شہری جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق معرکہ آرائی کے آس پاس نوجوانوں نے فورسز پر بھاری سنگباری کی جبکہ فورسز نے مظاہرین کیخلاف طاقت کا استعمال کرکے کئی شہریوں کو زخمی کردیا۔
زخمیوں میں عامر احمد پال ساکنہ اشمندر پلوامہ نامی ایک نوجوان بھی شامل تھا جس کو ضلع اسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
تین مزید شہریوں کو بھی فورسز کارروائی میں چوٹیں آئی ہیں۔
اس سے قبل کھارہ پورہ معرکہ آرائی کے دوران تین جنگجو جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔
اس جھڑپ میں دو فوجی اہلکار بھی زخمی ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل فوج ، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے کھارہ پورہ، سرنو گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن کا آغاز کیا جس کے دوران چھپے جنگجوئوں نے فورسز پر گولیاں چلائیں۔
فورسز نے بھی جوابی کارروائی عمل میں لائی اور یوں جھڑپ شروع ہوگئی۔