سرینگر /وادی کشمیر میں پلوامہ ہلاکتوں کیخلاف احتجاجی ہڑتال کے بعد منگل کو کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئیں جبکہ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں صبح سے ہی دوکاندار کام میں مصروف نظر آئے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی چلنے لگا۔
گذشتہ سنیچر وار کو جنوبی ضلع پلوامہ کے کھارہ پورہ، سرنو نامی علاقے میں فورسز کارروائی میں سات شہری جاں بحق ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ہوئی معرکہ آرائی کے بیچ ہوئی جھڑپوں کے دوران پیش آئیں۔مذکورہ معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
روزمرہ کی کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کی اطلاعات وادی کے دوسرے ضلع صدر مقامات سے بھی موصول ہوئی ہیں۔
پلوامہ ہلاکتوں کے فوراً بعد علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے تین روزہ ماتمی ہڑتال کی کال دی تھی۔
گذشتہ دو روز کے دوران سرینگر کے بیشتر علاقوں میں پابندیاں عاید رہیں ۔
حکام نے تاہم سرینگر ضلع میں آج تمام کالیجوں کے اندر تدریسی عمل معطل رکھا ہے۔