اسلام آباد// وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے اور پاکستان ہمیشہ کے لیے بدلنے والا ہے۔وزیراعظم عمران خان سے ڈیرہ غازی خان ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کے لیے بدلنے والا ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے، نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ملک کی ترقی اور وسائل کو بروئے کار لانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی، موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے پر عزم ہے، جنوبی پنجاب کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے نظریے پر 2018 کے الیکشن میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، انشااللہ جنوبی پنجاب ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا۔ادھر وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ریاست کی خود مختاری اورعلاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا۔نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا متاثر رہا لیکن سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں اور کوششوں سے دہشت گردی کی عفریت سے نجات حاصل کی۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم جارحیت سے نمٹنیکے لیے قابلِ بھروسہ نیشنل سیکیورٹی صلاحیت برقراررکھے ہوئے ہیں، انتہاپسندی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کومنطقی انجام تک پہنچانیکے لیے کام کررہے ہیں، ریاست کی خود مختاری اورعلاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت خارجہ پالیسی کے اسٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لیے کام کررہی ہے، تمام ہمسایوں بالخصوص بڑی طاقتوں سے تعاون پرمبنی تعلقات کے لیے دن رات کوشاں ہیں، پاکستان افغان امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے، افغانستان میں امن علاقائی امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔